نئی دہلی21ستمبر(آئی این ایس انڈیا؍ایس اونیوز) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران بھارت کی وزیر خارجہ سشما سوراج اور پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے درمیان دوطرفہ ملاقات کی خبروں اور پاکستان کی جانب سے ملاقات کی پیشکش قبول کرنے کو لے کر مودی حکومت پر اپوزیشن حملہ آورہو گیاہے۔کانگریس نے سوال کھڑا کیا ہے اور پوچھا ہے کہ نیویارک کی بریانی کیوں کھانی ہے ؟
وہیں دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا ہے کہ اب وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے تقریر نہیں بلکہ ایکشن چاہیے۔اگرچہ نیویارک میں ہونے والی پاک بھارت مذاکرات کو لے کر حکومت کوئی بڑا فیصلہ لے سکتی ہے، ذرائع کے مطابق پاکستان کی دہشت گردانہ پالیسی پر مودی حکومت نے سخت رخ اپنایا ہے۔
کانگریس کے سینئر لیڈر منیش تیواری نے پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہا کہ سال 2004 سے2014 کے درمیان بی جے پی ہمیشہ یہ ہنگامہ کرتی رہی کہ دہشت گردی اور بات چیت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، لیکن اب مودی حکومت خود نیویارک میں دہشت گرد انہ وارداتوں اور بھارتی فوجیوں پر ہو رہے حملوں کے درمیان پاکستان سے بات چیت کرنے کے لیے جارہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ 2014 سے 2018 کے درمیان مودی حکومت نے ملک کو صرف گمراہ کیا ہے۔وہیں اس معاملے پر عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلیٰ اروندکیجریوال نے کہاہے کہ وزیر اعظم اتنی بڑی بڑی باتیں کرتے تھے، کہتے تھے لو لیٹر لکھنے سے کام نہیں چلے گا، انہوں نے مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب ان کی زبان میں جواب دینا ہوگا تو دیجیے ، مزید کہا کہ دو اب ان کی زبان میں جواب۔ کجریوال نے کہا کہ آپ سالگرہ پر ان کے یہاں کیک کاٹنے جاتے ہو۔